کاروار، 4 / مارچ (ایس او نیوز) موجودہ رکن اسمبلی بی جے پی کی روپالی نائک اور سابق رکن اسمبلی کانگریس کے ستیش سائل کے درمیان زبانی تکرار باقاعدہ جھگڑے میں تبدیل ہوگئی جس کے دوران روپالی نائک نے مبینہ طور پر پیپر ویٹ پھینک کر ستیش سائل پر حملہ کرنے کی کوشش کی ۔ اس سلسلے میں دونوں فریقوں نے شہری پولیس تھانے میں ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ماجالی گرام پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر کے تبادلہ اور وہاں کے ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں بات چیت کرنے کے لئے سابق رکن اسمبلی ستیش سائل ایک وفد کی صورت میں ضلع پنچایت سی ای او کے دفتر پہنچے تھے ۔ اس دوران موجودہ رکن اسمبلی روپالی نائک وہاں پہنچیں اور ستیش سئیل اور ان کے حامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنزیہ لہجے میں پوچھا کہ یہ لوگ یہاں کیا کر رہے ہیں ۔ اسی کے ساتھ اس وفد میں شامل بی جے پی رکن اور نائب صدر کو روپالی نے اپنے ساتھ چلنے کو کہا ۔ اس پر ستیش سائل اور روپالی نائک کے درمیان زبانی تکرار شروع ہوگئی ۔
ضلع پنچایت سی ای او کے دفتر میں بڑھتے ہوئے جھگڑے کے دوران روپالی نائک اتنی مشتعل ہوگئیں کہ ستیش کو عادی شرابی اور ہمیشہ نشے میں دھت رہنے والا ایسا مریض کہا جس کا جگر خراب ہوچکا ہے ۔ اس پر جب ستیش سائل نے پوچھا کہ کیا مجھے شراب پینے کے لئے تمہارا باپ پیسے دیتا ہے تو روپالی ہتھے سے اکھڑ گئیں اور انہوں نے وہاں ٹیبل پر پڑا ہوا پیپر ویٹ اٹھا کر ستیش کو دے مارنے کی کوشش کی ، مگر روپالی کے ساتھ موجود خاتون نے بیچ بچاو کیا ۔
دونوں فریقوں نے شہری پولیس تھانے میں پہنچ کر ایک دوسرے کے خلاف جھگڑے ، گالی گلوچ ، حملہ کرنے کی کوشش اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کی شکایت درج کروائی ہے ۔